عمران خان، بشری بی بی

بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ 2 سے متعلق مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس سے متعلق مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔ بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کے خلا ف منگل کو توشہ خانہ 2 سے متعلق اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں 2 مقدمات کی سماعت ہونی تھی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 14 نومبر تک ملتوی کی گئی، 8 نومبر کو اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے منگل سنایا جانا تھا تاہم اسپیشل جج سینٹرل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کی گئی جب کہ ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی موخرکر دی گئی۔دوسری جانب توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت نہ ہو سکی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک کی عدم دستیابی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کی ہے۔