عظمیٰ بخاری

بانی پی ٹی آئی ،اسکے سرکردہ کارندے نفرت اور اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں’عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے سرکردہ کارندے روزانہ کی بنیاد پر نفرت اور اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں، پنجاب حکومت اب مزید اس پروپیگنڈے کو پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوںنے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات پر دیگر قیدیوں کے بھی اعتراضات آرہے ہیں، سنگین ترین مقدمات میں قید مجرم سے روزانہ ملاقاتوں کی اجازت عدالتیں دے رہی ہیں۔ میاں نواز شریف اڈیالہ جیل اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہے ہفتے میں صرف ایک دن ملاقات کی اجازت ہوتی تھی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قوم کی نہیں اپنی چوریاں چھپانے کی جنگ لڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی قیمتی تحائف چوری، گھڑی چوری،عدت میں نکاح،سائفر لہرانے اور 190 ملین پائونڈ کیس میں جیل کاٹ رہے ہیں، بار بار ”قوم ہمارے ساتھ ہے”کا چورن بیچنا بند کر دیں، قوم نے توشہ خانہ کے چوروں اور 9مئی کے فسادیوں کو ریجیکٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج اور بدحواس کر دیا ہے، اب دن رات ان کے خوابوں میں بھی وزیراعظم ہائوس اور سرکاری ہیلی کاپٹر سیرسپاٹے ہی آتے ہیں۔