ٹریلر 39

بالی وڈ فلم دھرندھر کا ٹریلر،پاکستان میں شدید ردعمل

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ فلم دھرندھر کے ٹریلر پر چودھری اسلم شہید کی اہلیہ نے اسے گمراہ کن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت سندھ فلم کے حوالے سے اپنا واضح موقف دیں تاکہ غلط فہمیاں دور ہو سکیں۔

تفصیلات کے مطابق بالی وڈ فلم دھرندھر کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی پاکستان میں سخت ردعمل سامنے آگیا ہے۔ 18نومبر کو جاری کیے گئے ٹریلر پر مختلف حلقوں نے اعتراضات اٹھائے ہیں کہ فلم میں پاکستانی شخصیات سے مشابہ کرداروں کو متنازع انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجے دت مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے الزام عائد کیا کہ فلم غیر ضروری تنازع کھڑا کرنے کی کوشش ہے اور بعض واقعات کو مسخ شدہ انداز میں دکھایا گیا ہے۔چودھری اسلم شہید کی اہلیہ نے بھی فلم کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے ٹریلر کو گمراہ کن قرار دیا۔ انہوںنے کہاکہ فلم میں رحمان ڈکیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ صرف لیاری کے چند علاقوں تک محدود ایک چھوٹا مجرم تھا۔انہوں نے ٹریلر میں دکھائے گئے لیاری جلسے کے سین پر بھی اعتراض اٹھایا، جہاں بینظیر بھٹو کی تصویر کے سامنے رحمان ڈکیت کو عوام سے خطاب کرتے دکھایا گیا ہے۔

ان کے مطابق یہ سب حقائق کے خلاف اور غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہے۔چودھری اسلم کی اہلیہ نے کہا کہ اگر کسی کو نمایاں دکھایا جانا چاہیے تو وہ چودھری اسلم ہیں، جنہوں نے کراچی بھر میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور فرض کی راہ میں جان قربان کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری اور حکومت سندھ فلم کے حوالے سے اپنا واضح موقف دیں تاکہ غلط فہمیاں دور ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں