ناصر حسین شاہ

بارشوں سے قبل ہی نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا ہے، ناصر حسین شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر بلدیات سندھ سیدناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بارشوں سے قبل ہی نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے مون سون بارشوں سے قبل شہر میں نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا اچانک دورہ شروع کردیا ہے۔ صوبائی وزرا نے گارڈن ہیڈ کوارٹر کے قریب نالے کی صفائی کا جائزہ لیا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر میں مون سون بارشوں کے آغاز سے قبل ہی وزیر اعلی سندھ کی ہدایات پر شہر بھر میں تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ شہریوں کو مون سون کی بارشوں کے دوران پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سعید غنی نے کہا کہ اس بار ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جہاں جہاں بھی بارشوں کے باعث پانی اگر جمع ہوتا ہے تو فوری طور پر ان کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ بارشوں سے قبل تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کی مشینوں کو نصب کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔