امیر مقام 15

ایکشن کمیٹی نے الیکشن فارم سے ریاست پاکستان سے وفاداری کی شق نکالنے کا مطالبہ کیا’امیر مقام

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے الیکشن کے حلف نامے سے پاکستان سے وفاداری کی شق نکالنے کا مطالبہ کیا گیا، ہم نے ایکشن کمیٹی کے 38 میں سے زیادہ نکات مانے لیکن یہ مزید مطالبات لے آئے.

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ میرپور ڈویژن میں ہونے والے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات شفاف، منصفانہ اور پرامن انداز میں منعقد ہوئے، دھاندلی کے الزامات حقائق کے منافی ہیں،50 فیصد سے زیادہ ٹرن آئوٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام نے جمہوری نظام پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔انتخابات کے انعقاد سے قبل یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ عوام ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں نکلیں گے، ٹرن آئوٹ انتہائی کم ہوگا اور انتخابی عمل ناکام ہو جائے گا، مگر تمام خدشے غلط ثابت ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں انتخابات کا کامیاب انعقاد بذات خود ایک بڑی کامیابی ہے جس کا کریڈٹ صرف کسی ایک جماعت کو نہیں بلکہ الیکشن کمیشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں، آزاد کشمیر حکومت، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، دیگر ریاستی اداروں، قائم مقام صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ ہیں لیکن بے بنیاد الزامات لگانے سے ان تمام اداروں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے جنہوں نے انتخابات کے انعقاد کے لیے دن رات محنت کی۔اس طرح کے بیانات سے بیرونی دنیا اور پاکستان کے مخالفین کو بھی غلط پیغام جاتا ہے۔امیر مقام نے سوال اٹھایا کہ اگر دھاندلی ہوئی تو آخر کس نے کی؟ آزاد کشمیر میں حکومت، چیف الیکشن کمشنر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ایس پیز اور دیگر انتظامی افسران سب آزاد کشمیر حکومت کے ماتحت ہیں۔

پھر یہ کہنا کہ مسلم لیگ (ن)نے دھاندلی کی کسی صورت منطقی بات نہیں۔مسلم لیگ (ن)کی کامیابی کوئی نئی بات نہیں ،2016 کے انتخابات میں بھی پارٹی نے کلین سویپ کیا تھا۔جن حلقوں پر اعتراضات کیے جا رہے ہیں، اگر ان کا موازنہ 2021 کے انتخابات سے کیا جائے تو حقیقت خود سامنے آ جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میرپور کے بعد مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن)بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور آئندہ حکومت بنائے گی۔آزاد کشمیر کے آئندہ وزیراعظم سے متعلق فیصلہ سابق وزیراعظم نواز شریف کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں