اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) اسلام آباد کے حلقے این اے 46 میں مبینہ دھاندلی کےخلاف کیس میں الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کو فارم 45، 46، 47 جمع کرانے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبیونل میں این اے 46 میں مبینہ دھاندلی کے خلا پی ٹی آئی امیدوار عامر مغل کی انجم علی خان کے خلاف الیکشن پٹیشن پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پٹیشنز کی کاپیز نہیں ملیں، ہم نے فارم 45 ، 46 ، 47 جمع کرا دئیے ہیں۔عدالت نے پٹشنر کو الیکشن کمیشن کو کاپیز فراہم کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے ریٹرنگ افسر کو فارم 45 ، 46 ، 47 جمع کرانے کا حکم دے دیا، ریٹرنگ افسر کے وکیل نے کہا کہ مجھے گزشتہ روز پارٹی بنایا گیا کچھ وقت دے دیں جواب دے دوں گا۔انجم عقیل خان نے درخواست ناقابل سماعت ہونے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عامر مغل کی درخواست قابل سماعت نہیں کیونکہ تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
عدالت نے انجم عقیل خان کی درخواست پر عامر مغل کے وکیل کو جواب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انجم عقیل خان کی جیت کا گزٹ نوٹیفکیشن کب کا ہے؟عامر مغل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 19 فروری کا نوٹیفکیشن ہے، جب کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ نوٹیفکیشن 13 فروری کا ہے، عامر مغل کی پٹیشن وقت گزرنے کے بعد دائر ہوئی ہے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق دیکھیں گے جو بھی ہوا فیصلہ کریں گے ، کیس کی مزید سماعت محرم کے بعد 22 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔