اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ایمرجنسی پر کے پی عوام کی خاموشی لاکھوں لوگ نکالنے کا بیانیہ بنانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی میں قبضہ مافیا کا راج ہے۔انہوں نے کہا کہ دو تین دن ہوگئے ایمرجنسی کو خیبر پختونخوا کے عوام نے خاموش بیٹھ کر رد عمل دیا ہے، یہ خاموشی طمانچہ ہے ان تمام لوگوں کے منہ پر جوبیانیہ بنارہے تھے کہ لاکھوں لوگ نکلیں گے۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ نے اپنی حکومت کا کبھی احتساب ہی نہیں کیا۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ نے ماسوائے نفرت اور جھوٹ پھیلانے اور گالیاں دینے کے کچھ کیا ہی نہیں۔شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک مافیا ہے جو میرٹ کو پامال اور اپنے لوگوں کو پروموٹ کرتا ہے،یہ لوگ سازشوں اور غیبت کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کرتے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ دو ماہ بعد خیبر پختونخوا میں بانی پی ٹی آئی اور علی امین کا راج ہوگا۔اپنے سڑکوں پر نکلنے کے سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ اس وقت سڑکوں پر نکلوں گا مجھے نکالنے والے دست بستہ خود کہیں گے حضور آجائیں۔









