نارووال(رپورٹںگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایمانداری سے محنت کر کے پاکستان کو معاشی طور پردنیا کے دس بڑے ممالک میں لائیں گے،آج تعلیم کی وجہ سے ہم ایٹمی طاقت ہیں۔
ظفروال میں نجی کالج کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ نارووال کا پاکستان کے تعلیم کے میدان میں ٹاپ دس ضلعوں میں نام ہے ،نارووال کی پانچ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبا اور طالبات پاکستان سے باہر بھی خدمات سر انجام دے کر روزگار حاصل کر رہے ہیں،پاکستان کو ابتدائی وقتوں میں کاغذوں کو جوڑنے کے لیے کامن پن کی جگہ کانٹوں سے کام لیا جاتا تھا اور آج تعلیم کی وجہ سے ہم ایٹمی طاقت ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے آنے والے وقت میں تعلیم کے بل بوتے پر ہم ایمانداری اور خلوص دل سے محنت کر کے پاکستان کو دنیا کے 10بڑے ممالک کی معیشت کی لسٹ میں لائیں گے جیسے ہم نے پندرہ سالوں میں تعلیم کے ذریعے ڈسٹرکٹ نارووال کو ترقی دی اسی طرح پاکستان کو بھی ترقی دیں گے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ امن ،تعلیم و ترقی کے دشمن نے 6مئی 2018کو گولی سے مجھے نشانہ بنایا تھا جو اب بھی میرے جسم میں موجود ہے۔ میں نے اڈیالہ جیل میں 18ماہ قید اس لیے کاٹی کہ میں نے نارووال میں تعلیم کے لیے یونیورسٹیاں اور سپورٹس سٹیڈیم کیوں بنائے تھے ایک کروڑ کی آ بادی والے یہودیوں نے تعلیم کے بل بوتے پر دو ارب مسلمانوں کو مشکل میں ڈال دیا۔انہوں نے پہلے 500بچوں کو دو سال کے لئے اسکالرشپ دینے کا بھی اعلان کیا۔