امین الحق 115

ایل سیز پر پابندی، فنڈز کی کمی براڈ بینڈ منصوبوں کی تکمیل میں مشکلات ہوں گی، امین الحق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی زیر صدارت پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں یونیورسل سروس فنڈ کے مالی سال 2023ـ24 کیلئے 18 ارب 13 کروڑ روپے اوراگنائٹ کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ کی منظوری دیدی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی نوید احمد شیخ، ایڈشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، سینئر جوائنٹ سیکریٹری علی اصغر، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف حارث محمود چوہدری، چیف ایگزیکٹیو اگنائٹ عاصم شہریار حسین سمیت دیگر ممبران شریک تھے۔پالیسی کمیٹی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر آئی ٹی کو یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو نے جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی،

اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ایک جانب لیٹر آف کریڈٹ کی محدود اجازت سے ٹیلی کام کمپنیوں کو اپنے اپ گریڈڈ سسٹمز اور آلات کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے جس سے یونیورسل سروس فنڈ کے جاری منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہورہے ہیں تو دوسری جانب یونیورسل سروس فنڈ کے پاس موجود رقم آئندہ سال کے بجٹ اور جاری منصوبوں کی ادائیگی کیلئے ناکافی ہے ایسے میں وفاق کے پاس موجود 57 ارب روپے کی رقم واپس نہ ملی تو منصوبوں اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں مشکلات ہوسکتی ہے۔

سید امین الحق نے سیکرٹری آئی ٹی کو ہدایت کی کہ وہ رقم کی واپسی کیلئے وزارت خزانہ سے فوری رابطہ کریں۔قبل ازیں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے سی ای او یوفون حاتم بامعترف، سی ای او جاز عامر ابراہیم اور سی ای او ٹیلی نار عرفان وہاب نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ٹیلی کام آپریٹرز نے دوران وزارت سید امین الحق کی پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے بھرپوراقدامات ان کا مینڈیٹ ہے۔ اورمیں نے اپنی پوری کوشش کی ہے کہ سروسز استعمال کرنے اور سروسز فراہم کرنے والے فریقوں میں توازن برقرار رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ انڈسٹری کے بقیہ حل طلب چند ایک مسائل پر متعلقہ فورمز پر گفتگو جاری ہے جلد ہی اس ضمن میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں