ہائیکورٹ 17

ایف آئی اے ہائی پروفائل فراڈ کیس میں ملزم کی دو مقدمات میں ضمانتیں منظور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے درج ہائی پروفائل فراڈ کیس میں نامزد ملزم برہان افضل کی دو مقدمات میں درخواست ضمانت منظور کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے ملزم برہان افضل کی جانب سے دائر دونوں درخواستوں پر سماعت کی اور دلائل مکمل ہونے کے بعد ضمانتیں منظور کرنے کا حکم جاری کیا۔عدالت میں ملزم کی جانب سے بیرسٹر احمد جاوید اعوان پیش ہوئے۔ دوران سماعت وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کیے ہیں تاہم ملزم کو کنسلٹنسی کمپنی کے معاملات سے جوڑنا قانونی طور پر درست نہیں۔

بیرسٹر احمد جاوید اعوان نے عدالت کو بتایا کہ جس شخص نے 2003ء میں کنسلٹنسی کمپنی قائم کی تھی، وہ اب وفات پاچکا ہے۔ مذکورہ کنسلٹنسی کمپنی پر شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ کنسلٹنسی فرم کے اصل مالک کی وفات کے بعد اس کے بیٹے کو بھی ایف آئی اے نے مقدمات میں ملوث کردیا، حالانکہ جس شخص کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں وہ نہ تو کمپنی کا ڈائریکٹر ہے اور نہ ہی شیئر ہولڈر۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا کمپنی کے انتظامی یا ملکیتی معاملات سے کوئی براہ راست تعلق ثابت نہیں ہوتا، اس لیے اسے مقدمات میں نامزد کرنا بلاجواز ہے۔وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف مقدمات کے حقائق اور دستیاب ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی دونوں درخواست ضمانتیں منظور کی جائیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم برہان افضل کی دونوں مقدمات میں درخواست ضمانتیں منظور کرنے کا حکم جاری کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں