مائیک والٹز 16

ایران 60 فیصد تک یورینیئم افزودہ کر رہا ہے، جس کا کوئی قابلِ اعتماد پرامن مقصد نہیں، امریکی مندوب

نیویارک (رپورٹنگ آن لائن)اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے ایران پر جوہری ذمے داریوں کی خلاف ورزی اور اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار ہونے سے انکار کا الزام عائد کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیک والٹز نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ ایران نے قوانین کی خلاف ورزی کی اور اپنی جوہری سرگرمیوں سے دستبردار ہونے سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران یورینیئم کو 60 فیصد تک افزودہ کر رہا ہے، جس کا کوئی قابلِ اعتماد پرامن مقصد نہیں، جبکہ ایران نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)کے معائنہ کاروں کو بارہا رسائی نہیں دی۔امریکی سفیر کے مطابق آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے عدم تعمیل پر صرف 2 ہفتے قبل ایران کا معاملہ سلامتی کونسل کو بھیجا تھا جبکہ ایرانی مذاکرات کار اب بھی ملک کے جوہری پروگرام سے دستبرداری کے مطالبات مسترد کر رہے ہیں۔

دوسری جانب تہران نے یورینیئم کی افزودگی ختم کرنے کے امریکی مطالبات مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن ہے اور جوہری عدم پھیلا ئوکے معاہدے کے تحت یورینیئم افزودہ کرنا ایران کا حق ہے۔ایرانی حکام نے آئی اے ای اے پر سیاسی جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے ایران کے خلاف حالیہ قراردادوں کو بھی سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں