تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایران کے دارالحکومت تہران میں دھماکہ میں 19افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے بتایا کہ دھماکہ تہران کے ایک کلینک میں ہوا۔
مرنے والوں میں چار مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے ایک سینیئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ یہ دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث ہوا ہے۔
حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے میں آگ بجھانے والے عملے کو کافی وقت لگا۔ تہران کے آگ بجھانے والے محکمہ کے ترجمان جلیل مالکی نے بتایا کہ آگ لگنے کا واقع ایک پانچ منزلہ عمارت میں ہوا جہاں دوسری منزل پر زور دار دھماکہ ہوا۔
ایران کی ایمرجنسی انتظامی ایجنسی کے ترجمان مجتبی خالدی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں بالائی منزلوں پر ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ہلاکتیں چوتھی اور پانچویں منزل پر ہوئیں جہاں آپریشن روم ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل ایرانی فوج کے ایک اڈے کے قریب ایک دھماکہ ہوا تھا جس کی وجہ بھی گیس کا اخراج بتائی گئی تھی۔