والد فہدمصطفی

اپنے بیٹے کی کامیابی ، عوام کی طرف سے ملنے والی محبت پر بہت فخر ہے،والد فہدمصطفی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ٹی وی میزبان فہد مصطفی کے والدصلاح الدین تنیو نے کہاہے کہ اپنے بیٹے کی کامیابی اور عوام کی طرف سے ملنے والی محبت پر بہت فخر ہے، میں ایک خوش نصیب باپ ہوں کہ اپنے بیٹے کو اتنا کامیاب دیکھ رہا ہوں۔تفصیلات کے مطابق اداکار فہد مصطفی نے اپنے ڈرامے کبھی میں کبھی تم کے فائنل ایپی سوڈ کیلئے ستاروں سے بھرے پریمیئر کی میزبانی کی۔

اس موقع پر موجود فہد مصطفی کے والد تجربہ کار اداکار صلاح الدین تنیو اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی سے نہال نظر آئے انہوں نے کہا کہ اپنے بیٹے کی کامیابی اور عوام کی طرف سے ملنے والی محبت پر بہت فخر ہے۔

صلاح الدین تنیو نے کہا کہ میں ایک خوش نصیب باپ ہوں کہ اپنے بیٹے کو اتنا کامیاب دیکھ رہا ہوں، میں نے اپنے بیٹے کا مکمل ڈرامہ دیکھا ہے ایک ایپی سوڈ بھی مس نہیں کیا۔اداکار فہد مصطفی کے والد نے کہا کہ پریمیئر کے موقع پر موجود لوگ اس بات کی گواہی ہیں کہ یہ ڈرامہ کتنا ہٹ ہے اور لوگوں نے کتنا زیادہ اسے پسند کیا ہے، میرا بیٹا بہت اچھا اور بڑا آرٹسٹ ہے۔اس موقع پر فہد مصطفی نے کہا کہ وہ اللہ کے پسندیدہ لوگوں میں سے ایک ہیں۔

انہیں 20 سال کی عمر میں بڑی کامیابی ملی، پھر 30 کی دہائی میں بھی انہوں نے دوبارہ یہی کامیابی حاصل کی۔ اب وہ 40 کی دہائی میں ہیں اور ایک بار پھر اللہ نے انہیں بڑی کامیابی سے نوازا ہے۔ انہوں نے محنت کی اور اللہ نے انہیں اس کا صلہ دیا۔