عظمی بخاری 24

”اپنا کھیت اپنا روزگار”سکیم کے تحت 30ہزار خاندانوں کو زمین کی ملکیت فراہم کی جا رہی ہے’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت، سماجی فلاح اور معاشی خودمختاری کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہیں،”اپنی چھت اپنا گھر”اور ”اپنی زمین اپنا گھر”جیسے انقلابی منصوبوں کے بعد اب ”اپنا کھیت اپنا روزگار”سکیم کا آغاز کر کے حکومت پنجاب نے بے زمین اور مستحق خاندانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اور تاریخی قدم اٹھایا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ”اپنا کھیت اپنا روزگار”سکیم کے تحت 30 ہزار خاندانوں کو زمین کی ملکیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ”اپنی چھت اپنا گھر”پروگرام کے ذریعے ایک لاکھ 80ہزار سے زائد افراد اپنے گھر کی چھت کے مالک بن چکے ہیں۔ اسی طرح ”اپنی زمین اپنا گھر”پروگرام کے پہلے مرحلے میں دو ہزار خاندانوں میں مفت رہائشی پلاٹس تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو عام آدمی کو باعزت رہائش فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا عملی اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا ہے۔ پنجاب بھر میں 9لاکھ کسان کارڈز، 30ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 5ہزار کسانوں کو سپر سیڈر مشینیں اور 8ہزار ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ان اقدامات سے زرعی پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی اور کسانوں کی آمدن میں بہتری آئے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ الحمدللہ آج پنجاب میں عوامی خدمت کے منصوبے صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔ ترقی اور خوشحالی کا سفر اٹک سے رحیم یار خان تک پھیل چکا ہے اور ہر ضلع میں عوام حکومتی اقدامات کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں اور ان کی سیاست کا محور صرف عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز مخالفین کے جھوٹ، منفی پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کا جواب صرف اپنی کارکردگی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت سے دے رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں اور محض الزام تراشی کی سیاست کرنے والوں میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔ پنجاب حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی ترقی، خوشحالی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے پر صرف کر رہی ہے اور یہی وزیراعلی مریم نواز شریف کی قیادت کا نمایاں وصف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں