بلاول بھٹوزرداری

انٹرنیٹ اور وی پی این کی بندش سے متعلق ہم سے مشاورت نہیں کی گئی،بلاول بھٹوزرداری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ انٹرنیٹ اور وی پی این کی بندش سے متعلق ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کرنے والوں کو وی پی این کا پتہ ہی نہیں ہے، انٹرنیٹ، وی پی این معاملے پر حکومت مشاورت کرتی تو سمجھاتے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک وقت تھا سڑک، پل، عمارتیں بنائی جاتی تھیں لیکن اب زمانہ انٹرنیٹ اسپیڈ کا ہے، یہ کہتے ہیں حکومت فور جی سروس دے رہی ہے، فور جی انٹرنیٹ کے حوالے سے جھوٹ بولا جارہا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تھری جی سروس دی جارہی ہے اور اب انٹرنیٹ اسپیڈ مزید سست کردی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زراعت اور ٹیکنالوجی ہی ایسے شعبے ہیں جو معیشت کو سہارا دے سکتے ہیں، بدقسمتی سے حکومت زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
٭٭٭٭٭