واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن )امریکی فوج کے ایک اعلی عہدیدار بیروت پہنچے ہیں تاکہ حزب اللہ،اسرائیل کے درمیان حالیہ ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں شامل ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ جنگ بندی 26 نومبر سے نافذ العمل ہوئی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی مرکزی کمان(سینٹ کام)نے کہاکہ سپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹرل کے میجر جنرل جیسپر جیفرز بدھ کو بیروت پہنچے۔ وہ صدر جو بائیڈن کے ایلچی آموس ہوچسٹین کے ساتھ نگرانی کے مشن میں شریک سربراہ ہوں گے جنہیں جنگ بندی معاہدے کی نگرانی اور نفاذ کا کام سونپا گیا ہے۔
امریکہ کے زیرِ قیادت مانیٹرنگ ٹیم میں لبنانی مسلح افواج، اسرائیلی فوج، لبنان میں اقوامِ متحدہ کی عبوری فوج (یونی فِل)اور فرانس کے نمائندے شامل تھے۔ سینٹ کام نے مزید کہا کہ ہوجسٹین ایک مستقل اہلکار کی تقرری تک شریک سویلین چیئرمین کے طور پر کام کریں گے۔
سینٹ کام کے بیان میں کہا گیاکہ یہ گروپ اسرائیل اور لبنان کے درمیان دشمنی کے خاتمے کی نگرانی اور نفاذ میں مدد کرے گا۔یہ جنگ بندی معاہدہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کئی ہفتوں سے جاری سرحد پار کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔