لاہور(رپورٹنگ آن لائن)یونیورسٹی آف فلوریڈا کے ماہر متعددی امراض پروفیسر مبین ایچ راٹھور نے لاہور جنرل ہسپتال میں لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند قوم تیار کرنے کیلئے ضروری ہے نومولود بچوں کو بیماریوں کے خلاف مضبوط قوت مدافعت فراہم کر کے ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے۔
اس مقصد کیلئے نونہالوں کے ویکسی نیشن و حفاظتی ٹیکوں کا کورس 10قسم کے متعدی امراض سے بچانے، ان میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کیلئے اہم ہوتا ہے۔ حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرانا بچوں کا بنیادی حق اور والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر مبین ایچ راٹھور نے بچوں کو متعدی امراض سے بچاؤ متعلق حفاظتی تدابیر بارے آگاہی سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردر محمد الفرید ظفر، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر محمد فہیم افضل، ڈاکٹر آفتاب انور، ڈاکٹر عبدالعزیز،نوجوان ڈاکٹرز، امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس و نرسز موجود تھے۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے طبی ماہرین کے ساتھ مقامی ڈاکٹرز کے مابین پیشہ وارانہ اور علمی تبادلہ خیال سے لوکل ڈاکٹرز کے نالج میں اضافہ اور انہیں سیکھنے کا موقع ملتا ہے، جس سے علاج معالجہ کی نئی جہتیں پیدا ہوتی ہیں جس کا فائدہ براہ راست مقامی مریضوں کو پہنچتا ہے۔ ڈاکٹر الفرید ظفر نے اس بات کو سراہا کہ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر ذاتی خرچ پر ایل جی ایچ میں تشریف لائے اور پاکستانی نوجوان ڈاکٹرز و عملے کو انفیکشن سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور محفوظ رہنے سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں جو پی جی ایم آئی/اے ایم سی /جنرل ہسپتال کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاء پر زور دیا کہ مریض کے طبی معائنہ سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونے کے اصول پر ہر صورت عمل یقینی بنائیں اور شہریوں میں بھی ہاتھوں کو صاف ستھرا رکھنے اور حفظان صحت کے اصولوں کی ترغیب دیں، اس سے معاشرے میں پھیلنے والی متعدی بیماریوں کا خطرہ کم ہوجائے گا اور اس طرح افراد و معاشرے کی صحت کی حفاظت ہو گی۔
طبی ماہرین نے کہا کہ ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درامد کروانے کیلئے انتظامی ڈاکٹرز کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے ادا کرنی چاہئے اور مقرر کردہ معیارات کے مطابق آپریشن تھیٹر اور وارڈز کو ڈس انفیکشن کرنے کیلئے ماہرین کی جانب سے طے کردہ سفارشات پر عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ مریض جلد صحت یا ب ہوں اور ہسپتالوں کے وارڈز میں غیر ضروری رش اور بیڈ ایکوپنسی ریٹ کو کم کیا جا سکے۔
امریکی ڈاکٹر پروفیسر مبین ایچ راٹھور نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر سے گفتگو میں کہا کہ پی جی ایم آئی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس پر فیکلٹی ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے امریکی ڈاکٹر کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے سیمینار کے انعقاد پر پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر محمد فہیم افضل اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریب بھی کی اور کہا کہ ایسی ورکشاپس و سیمینار ز باقاعدگی سے ہونے چاہیئے۔









