الیکشن کمیشن آف پاکستان 204

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اراکین کی عہدے کی مدت پوری ہو گئی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اراکین کے عہدے کی مدت پوری ہو گئی تاہم نئے اراکین کی تعیناتی کے لئے تاحال کوئی پیشرفت نہیں کی گئی ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے اراکین کے تقرر کا معاملہ ایک سال تک حل نہیں ہو سکا تھا حالانکہ ای سی پی اراکین کا تقرر قانون کے مطابق ان کی ریٹائرمنٹ کے 45 دن کے اندر ہونا چاہیے۔پنجاب سے جسٹس (ر)الطاف ابراہیم قریشی اور خیبر پختونخوا ہ سے جسٹس (ر)ارشاد قیصر پیر کے روز ای سی پی کے اراکین کی حیثیت سے 5 سالہ مدت ملازمت پوری کر چکے ہیں۔

طریقہ کار کے تحت وزیر اعظم قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت سے ای سی پی کے ہر عہدے کے لیے تین نام پارلیمانی پینل کو تصدیق کے لیے بھیجتے ہیں اور اگر وہ اتفاق رائے تک نہیں پہنچ پاتے تو حتمی فیصلے کے لیے الگ الگ فہرستیں پینل کو ارسال کی جاتی ہیں۔موجودہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سندھ اور بلوچستان سے ای سی پی اراکین کے تقرر کا معاملہ ایک سال تک حل نہیں ہوسکا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں