اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار محترمہ ریبیکا گرینسپین نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورسمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جاری اعلامیہ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار محترمہ ریبیکا گرینسپین نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی،
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے فروغ و پاسداری کے لیے پاکستان کے پائیدار عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو ناگزیر قرار دیا۔
وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں متوازن پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بالخصوص عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر مؤثر عملدرآمد اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔محترمہ ریبیکا گرینسپین نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے دیرینہ اور قابلِ قدر کردار کو سراہا اور حالیہ علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی تعمیری کوششوں کی بھی تعریف کی۔









