جہانگیر خان 21

افسوس جس ملک میں اسکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں،جہانگیر خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا ہے پاکستان اسکواش فیڈریشن کو کھیل کو بہتر بنانے اور ملک کا شاندار ماضی واپس لانے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 6 بار ورلڈ اوپن، 10 مرتبہ برٹش اوپن جیتنے والے پاکستان کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے کہا کہ آج عالمی درجہ بندی کے ابتدائی 25 کھلاڑیوں میں افسوس کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ جس ملک میں اسکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج اس ملک میں اسکواش پر راج کرنے والے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں۔ لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان میں اسکواش کا ٹیلنٹ بھی موجود ہے اور اسکواش کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ بھی تواتر کیساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔

جہانگیر خان نے کہا کہ ان مشکلات میں بھی اسکواش میں اسپانسر آرہے ہیں، بڑی بات ہے، فیڈریشن کو چاہیے کہ اکیڈمی لگائے، کھلاڑیوں کو آگے آنے کے لیے بہتر راستے فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر صرف ایک ٹورنامنٹ چیف آف ائیر اسٹاف کی میزبانی کرکے بیٹھ جاتے ہیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاملات کو دیکھے، لیکن افسوس وہاں صرف وہ لوگ بیٹھے ہیں، جو ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔ اس طرح پاکستان اسکواش فیڈریشن آگے نہیں بٹرھ سکتی۔

لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن میں احتساب کا عمل ضروری ہے، صرف کوچز تبدیل کرنے سے معاملات بہتر نہیں ہوسکتے،پاکستان میں اسکواش کی ایک تاریخ ہے، ہمارے پاس عظیم کھلاڑیوں سے مشورے لینے کیساتھ عملی طور پر ان کا اسکواش کی بہتری کے لئے آگے آنا بہت ضروری ہے۔ جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن میں اس کھیل کو سمجھنے والے اور پاکستان اسکواش کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے والوں کو آگے لانا بہت ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں