سندھ ہائیکورٹ

اعظم سواتی کیخلاف مقدمات پر سندھ حکومت، پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی پولیس کو نوٹس

کراچی(رپورٹنگ آن لائن ) سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کیخلاف صوبے میں درج 6 مقدمات کے اندارج سے متعلق درخواست پر سندھ حکومت، پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو سینیٹر اعظم سواتی کیخلاف سندھ میں درج 6 مقدمات کے اندراج سے متعلق عثمان سواتی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس کے کے آغا نے استفسار کیا کہ جس کیخلاف مقدمات ہیں وہ کہاں ہیں؟ درخواستگزار کے وکیل انور منصور خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اعظم سواتی گرفتار ہیں، انہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ پورے ملک میں ایک ہی ایشو پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمات سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ 5 مقدمات کراچی اور ایک مقدمہ قمبر میں درج کیا گیا ہے۔

عدالت نے سندھ حکومت، پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی پولیس سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایس پیز کو درج مقدمات سے متعلق 22 دسمبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔