مسرت جمشید چیمہ

اطلاع ملی ہے ہمارے خلاف دہشتگردی کاایک اورمقدمہ درج کرادیا گیا ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنمامسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اطلاع ملی ہے کہ ہمارے خلاف بھاٹی گیٹ میں دہشتگردی کاایک اورمقدمہ درج کرادیا گیا ہے، عوام اپنے خون پسینے کے ٹیکسز سے انتظامیہ اورپولیس افسران کو تنخواہیں دیتے ہیں اس لئے انہیں شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی بجائے آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے چاہئیں۔ عبوری ضمانت کے لئے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت اور جبر کی سیاہ رات کٹ ہی جانی ہے ،

جو افسران اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں انہیں اپنے کئے پر جوابدہ ہونا پڑے گا ۔انہوںنے کہا کہ مقدمات کے خوف سے ایک ادنیٰ کارکن بھی جماعت سے الگ نہیںہوا، ہر سطح کی قیادت، رہنما اور کارکنان عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے تھے ہیں اور رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز گردی اور حمزہ گردی سے ہمارے حوصلے ہرگز پست نہیں ہوں گے بلکہ حالیہ مہینوں میں تحریک انصاف پہلے سے زیادہ متحد او رمضبوط ہوئی ہے ۔