ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ کی سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون کو بیٹی کی پیدائش کے بعد آج اسپتال سے چھٹی مل گئی جس کے بعد ان کی بیٹی اور شوہر رنویر سنگھ کے ہمراہ پہلی تصویر سامنے آئی ہے۔اداکار جوڑے کے ہاں ننھی پری کی آمد گزشتہ اتوار 8 ستمبر کو ہوئی، دونوں نے انسٹاگرام کی مشترکہ پوسٹ میں والدین بننے کی تصدیق کی تھی۔اب ایک ہفتے اسپتال میں رہنے کے بعد آج اداکارہ کو ڈسچارج کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ شوہر اور بیٹی کے ساتھ گھر پہنچی ہیں جس کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
ان تصویروں اور ویڈیوز میں دیپیکا، رنویر اور ان کی ننھی پری کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔سامنے آنے والی تصاویر اگرچہ گاڑی کے اندر کی ہیں لیکن اس میں دکھائی دے رہا ہے کہ دیپیکا کی گود میں ان کی بیٹی ہے جسے رنویر بھی دیکھ رہے ہیں۔ایک ویڈیو میں مختلف گاڑیاں اسپتال سے نکلتی نظر آرہی ہیں جو کہ جوڑے کی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کی فیملی بھی رنویر اور دیپیکا کے گھر نومولود کے استقبال کے لیے پہنچی ہے۔واضح رہے کہ رنویر اور دیپیکا پڈوکون کی شادی 2018 میں اٹلی میں ہوئی تھی اور رواں سال فروری میں جوڑی نے اعلان کیا تھا کہ اْن کے ہاں ستمبر میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔