خورشید شاہ

اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہشمند پارٹی کیساتھ معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، خورشید شاہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خور شید شاہ نے کہا ہے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہشمند پارٹی کےساتھ معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے،سب جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا، کوئی بھی اکیلئے مسائل کا حل نہیں نکال سکتا۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سوال پر سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم نے پہلے پی ٹی آئی کو حکومت سازی کی دعوت دی جو انہوں نے مسترد کر دی، مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور دیرپا حل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہشمند پارٹی کے ساتھ معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، معاملات کو سدھارنے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ پارلیمنٹ کا راستہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا عدلیہ کے ساتھ ظلم خود عدلیہ نے شروع کیا اور اب یہ عدلیہ کو ہی ختم کرنا ہو گا، ملک کی اعلی ترین عدلیہ نے فردِ واحد کے حکم کو متفقہ آئین پر ترجیح دی۔

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا آمروں کو ماورائے آئین تحفظ دینے سے جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں ملا، جو بہتر فیصلے کرے گا وہ عوام کی نظروں میں معتبر ہو گا، اس پر تنقید نہیں ہو گی۔