اداکارہ سمانتھا رتھ

اداکارہ سمانتھا رتھ پربھوکا ماضی میں غلطیاں کرنے کا اعتراف

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن) تامل فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے اپنی آخری چند فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بطور اداکارہ اپنی ناکامی قبول کر لی۔اداکارہ نے انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے ماضی میں کچھ غلطیاں کرنے کا اعتراف کیا۔سمانتھا رتھ پربھو نے اعتراف کیا کہ وہ پچھلی فلموں میں شاید اپنی بہترین کارکردگی نہیں دے سکیں تاہم اب وہ اپنے نئے پراجیکٹ پر بہت محنت کر رہی ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ نیا پراجیکٹ ان کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ یہ شاید ان کی زندگی کا سب سے پیچیدہ اور مشکل کردار ہے۔

ایک شخص نے اداکارہ سے سوال کیا کہ کیا آپ ہمیں بتا سکتی ہیں کہ آپ نے اپنے کردار کیلئے کتنی محنت کی ہے اور آپ کا کردار کیسا نظر آئے گا؟سمانتھا نے جواب دیا کہ میں نے اپنے آپ سے وعدہ کیا ہے کہ میں ہر کردار کے ساتھ اپنے آپ کو چیلنج کروں گی، ہر چیلنج پچھلے سے زیادہ مشکل ہو گا، میں مانتی ہوں کہ میں نے ماضی میں کچھ غلطیاں کیں اور چیزیں واقعی کام نہیں آئیں میں ناکامی کو قبول کرتی ہوں، میں یہ قبول کرتی ہوں کہ میں اپنی آخری چند فلموں میں شاید اپنی بہترین کارکردگی نہیں دے سکی۔