محمد جاوید قصوری 17

آٹے اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جائے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ ایک سال کے دوران آٹے سمیت بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے، ایک سال کے عرصے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 1250 روپے تک مہنگا ہو چکا ہے، جس کے باعث عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید معاشی بوجھ تلے دبا رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں عوامی مینڈیٹ، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کو مسلسل کمزور کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں سیاسی عدم استحکام اور معاشی بے یقینی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ایک طرف عوام پر نت نئے ٹیکس عائد کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب انہیں صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، روزگار اور امن و امان جیسی بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کر پا رہی۔ عوام سے بھاری محصولات وصول کیے جا رہے ہیں لیکن ان کے بدلے میں نہ معیاری سرکاری خدمات میسر ہیں اور نہ ہی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدامنی، معاشی بحران اور حکومتی نااہلی نے سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس سے بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں جبکہ کسان، مزدور، سرکاری ملازمین، تاجر اور متوسط طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے آٹے اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی لانے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے، غیر ضروری ٹیکسوں کا خاتمہ کرنے اور شفاف، آئین و قانون کے مطابق جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ محمد جاویدقصوری نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی، عوامی مینڈیٹ کا احترام، شفاف طرز حکمرانی اور عوامی مسائل کے حقیقی حل پر مبنی پالیسیوں کا نفاذ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں