پشاور(رپورٹنگ آن لائن) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں آئینی ترمیم کے نام پر ڈرامہ رچایا گیا، ساری رات آئینی ترمیم کے لئے ووٹ مانگا جا رہا تھا مگر مسودہ کسی کو نہیں دکھایا گیا، پتہ نہیں آئینی ترمیم تھیں یا ایون فیلڈ کی تفصیلات جو سامنے نہیں آ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مسودے کو ایک ڈرامے کی طرح سسپینس میں رکھا گیا، ساری رات آئین وقانون کے ساتھ مذاق کیا گیا، اپنے مفادات کی بولیاں لگائی جا رہی تھی، پوری رات آئین کیساتھ کھلواڑ اور سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہو رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کے نام پر اپنے ذاتی سیاسی مفادات کے لئے جعلی حکومت اور اتحادی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، جعلی حکومت ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے، اس بار سپریم کورٹ پر حملے میں پیپلز پارٹی بھی ساتھ دے رہی ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے، مجوزہ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ محض ایک بے اختیار عالیشان عمارت بن کر رہ جائے گی۔