کیف(رپورٹنگ آن لائن) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے روس کے ساتھ امن مذاکرات کے دوران یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کے بدلے مشرقی علاقے ڈونباس سے دستبرداری کی تجویز پیش کی ہے۔
زیلنسکی کے مطابق ابوظہبی میں امریکا کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پہلی بار نیٹو رکنیت کو علاقائی رعایتوں سے مشروط کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔
یوکرینی صدر نے واضح کیا کہ کیف ڈونباس سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر یوکرین کو مضبوط سکیورٹی ضمانتیں، مستحکم فوج اور ملک کی تعمیر نو کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائے تو وہ اس معاملے پر قومی ریفرنڈم کروانے پر غور کر سکتے ہیں۔
زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یورپی سکیورٹی نظام سے متعلق وسیع تر معاہدے کی تجویز بھی مسترد کردی، ان کا کہنا تھا کہ پہلے یوکرین میں جاری جنگ کا خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ پیوٹن جنگ بندی کے حامی نہیں ہیں۔







