سردار ایاز صادق 25

یومِ مزدور محنت کش طبقے کی عظمت، جدوجہد اور قومی ترقی میں ان کے کردار کے اعتراف کا دن ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یکم مئی محنت کش طبقے کی عظیم جدوجہد، قربانیوں اور قومی و معاشی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور ان کی محنت، لگن اور عزم کے بغیر ترقی کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں تاریخ کے اس اہم باب کی یاد دلاتا ہے جب شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے بنیادی حقوق، مناسب اجرت، اوقاتِ کار میں بہتری اور محفوظ کام کے ماحول کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں،یہ دن نہ صرف ان قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ اس عزم کی تجدید بھی ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اور عملی اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک ایسا ضابط حیات ہے جو محنت کو عظمت اور وقار عطا کرتا ہے،نبی کریم ۖ کی تعلیمات کی روشنی میں مزدور کے حقوق کی ادائیگی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مزدور کو اس کا حق بروقت اور مکمل طور پر دینا نہ صرف مذہبی فریضہ بلکہ اخلاقی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ مزدوروں کو محفوظ اور سازگار کام کے حالات، منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ اور صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے موثر قانون سازی اور پالیسی اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محنت کش طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،اس ضمن میں ہنر مندی کے فروغ، پیشہ ورانہ تربیت، روزگار کے بہتر مواقع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پالیسیوں کی تشکیل کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار اور باہنر مزدور ہی مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ مزدور طبقہ ملکی معیشت کا ایک اہم ستون ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے بغیر پائیدار اور متوازن ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اجتماعی سطح پر ایسے اقدامات کو فروغ دینا ہوگا جو مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، ان کے معیارِ زندگی میں بہتری اور سماجی و معاشی استحکام کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ایک مضبوط، منصفانہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد محنت کش طبقے کی عزت، تحفظ اور فلاح پر استوار ہوتی ہے، اور ہمیں اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں