محمد جاوید قصوری 54

یومِ شہدائے جموں ،تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے’ جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یومِ شہدائے جموں ، 6 نومبر 1947 کشمیر کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب جموں میں ہزاروں نہتے مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا،یہ دن ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور شہداء کے خون کا بدلہ صرف ایک آزاد و خودمختار ریاستِ جموں و کشمیر کی صورت میں ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج اور انتہاپسند ہندو تنظیموں نے اُس وقت برطانوی و مقامی سازش کے تحت جموں کے مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی تھی، لاکھوں کشمیریوں کو قتل، جبری ہجرت اور قید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ظلم کی داستان آج بھی کشمیر کی وادیوں میں آزادی کے نعرے بن کر گونج رہی ہے۔بد قسمتی سے عالمی برادری کی بے حسی ،ہندوستان کی ہٹ دھرمی اور اقوام متحدہ کی ناکامی کی بدولت نسل کشی کا یہ سلسلہ آج تک جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اس سے دستبر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ آج کا دن مظلوم کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن ہے ۔یوم یکجہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے کشمیریوں کے غیرمتزلزل حمایت ک کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ حق خود ارادیت کیلئے یکجہتی اور عالمی برداری کی توجہ بھارتی مظالم کی جانب متوجہ کروانا اورآنے والی نسلوں پر بھارت کا مکروہ کرداراور چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دیا جائے۔بھارت 5 اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باوجود جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

بھارت نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی ہے۔حکومت پاکستان بھارت کے مظالم اور گھناونے کردار کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرے ۔مودی حکومت کی دہشت گردی امریکہ ، کینیڈا سمیت پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یومِ شہدائے جموں محض ایک یادگار نہیں بلکہ ایک عہدِ وفا ہے۔ جماعت اسلامی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کی آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں