لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں انڈرگریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ و طالبات برائے سال 2020اورجاری سیشن 2017کیلئے آن کیمپس کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے، یونیورسٹی انتظامیہ نے آن لائن اور کیمپس کلاسز کیلئے نئے شیڈول کا اعلان بھی کردیا ہے۔ جس کے تحت سیشن 2017 اور 2020 آن کیمپس اپنی کلاسز لیں گے جبکہ سیشن 2018 اور 2019 کے طلباء آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔
نئے شیڈول کے مطابق سیشن 2017 اور 2020 کے مڈ ٹرم امتحانات 30 نومبر سے 4 دسمبر کے درمیان ہوں گے جبکہ سیشن 2018 اور 2019 کے طلبہ و طالبات کے مڈ ٹرم امتحانات 07 دسمبر سے 11 دسمبر کے درمیان ہوں گے جبکہ یکم فروری 2021 سے 12 فروری کے درمیان پہلے سمسٹر کا اختتام ہوگا اور طلباء کے فائنل ٹرم امتحان ہوں گے۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈیپارٹمنٹس 15 فروری سے 19 فروری کے درمیان سمسٹر نتائج کا اعلان کرنے کے پابند ہوں گے۔4 ہفتوں کے بعد شیڈول کا از سر نو جائزہ لیا جائے گااور حالات کو دیکھتے ہوئے تمام سیشنز کے طلباء کی آن کیمپس کلاسز کیلئے فیصلہ کیا جائے گا۔جبکہ تمام ڈیپارٹمنٹس میں اگلے سمسٹر کا آغاز فروری 2021 سے کیا جائے گا۔