مصطفیٰ کمال 19

ہیلتھ کیئر کا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں، انسان کو بیمار ہونے سے بچانا ہے، وزیر صحت

ملتان (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں عالمی معیار کی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر مبنی ماحول قابل تحسین ہے، ایسے ادارے مایوسی کے ماحول کے خاتمے اور نوجوانوں میں امید پیدا کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سکول آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے منصب کی وجہ سے ملک بھر سے مختلف نوعیت کی معلومات موصول ہوتی رہتی ہیں.

جب کبھی ماحول میں مایوسی محسوس ہو تو ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جیسے اداروں کو دیکھنا چاہیے جہاں مثبت سوچ، محنت اور مستقبل کی امید نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا ماحول انہیں بہت پسند آیا، یہاں عالمی معیار کی متعدد سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی موجود ہے، اللہ تعالیٰ اس وقت ایسے کاموں میں کامیابی عطا کرتا ہے جب نیت صاف اور جذبہ مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے قائم کرنے کے لیے غیر معمولی محنت اور جنون درکار ہوتا ہے جو انہیں یہاں واضح طور پر محسوس ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی شعبے میں ایک ایسا معیار قائم کرنا ضروری ہے جسے دوسرے لوگ فالو کریں، اگر مستقبل میں دیگر جامعات بھی ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماڈل کو اپناتی ہیں تو اس کا کریڈٹ اس ادارے کی انتظامیہ کو بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں بلکہ انسان کو بیمار ہونے سے بچانا ہے،وہ ڈاکٹر نہیں ہیں لیکن جب انہیں یہ ذمہ داری ملی تو انہوں نے دیانتداری سے کام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے۔مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریبا 6.7 ملین بچوں کی پیدائش ہوتی ہے جبکہ دورانِ حمل، زچگی اور اس سے متعلقہ پیچیدگیوں کے باعث سالانہ تقریبا 11 ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو کر صرف ڈگری لے کر نہ نکلیں بلکہ اپنے شعبے کے ماہر اور پروفیشنل بن کر نکلیں تاکہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنے کام کو روکنے کے بجائے اسی جذبے اور محنت کے ساتھ آگے بڑھتی رہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ وہ مزید لوگوں اور متعلقہ حکام کو ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کرنے کی ترغیب دیں گے تاکہ وہ یہاں موجود سہولیات اور جدید نظام کو دیکھیں اور ان سے سیکھ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں