کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ووٹ کی طاقت اور عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کسی اور طریقہ کار پر یقین رکھتی ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل سے قبل خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ عوامی مینڈیٹ حاصل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولنگ سے قبل گرین بسوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے مینڈیٹ کی بنیاد پر حکومت بھی قائم کر لی جائے تو عوام کی حقیقی خدمت ممکن نہیں ہوگی۔شرمیلا فاروقی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک کارکن کو شہید کیا گیا، تاہم بعد میں کہا گیا کہ اس کی موت دھکا لگنے یا دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ جن حلقوں میں ان کی جماعت کا ووٹ بینک مضبوط تھا وہاں پولنگ عملے کی تاخیر سے آمد بھی سوالات کو جنم دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا لاہور یا کراچی کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ وہاں کے عوام کے اپنے مقامی مسائل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی پاکستان پیپلز پارٹی سے جو وابستگی اور محبت ہے، وہ کسی دوسری جماعت کے ساتھ نہیں۔









