لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کے حق مہر، علیحدہ رہائش اور زچگی اخراجات سے متعلق کیس میں فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے شکیلہ بی بی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے کے مطابق خاتون اور اسکے شوہر کے درمیان علیحدہ رہائش،ایک تولہ سونا بطورحق مہر اور 30ہزار روپے زچگی اخراجات کی ادائیگی کا تحریری معاہدہ ہوا تھا۔عدالت نے فیملی کورٹ کو خاتون کی درخواست پر قانون کے مطابق 60روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
خاتون نے تین سال بعد معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا جبکہ شوہر نے مقررہ مدت میں درخواست دائر نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا تھا۔عدالت نے قرار دیا کہ فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ نے قانونی نکات کا مکمل جائزہ نہیں لیا۔ اب فیملی کورٹ اس بات کا تعین کرے گی کہ معاہدے کی شرائط پر عمل ہوا یا نہیں اور اس کی قانونی حیثیت کیا ہے۔تحریری فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ نابالغ بچوں کے ماہانہ نان و نفقہ کا معاملہ دیگر ازدواجی حقوق سے الگ دیکھا جائے۔









