کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کھیل کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کھیل بچوں کی ذہنی، جسمانی اور سماجی نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک صحت مند اور متوازن معاشرے کے قیام کے لیے بچوں کو کھیلوں کا سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا، جس کے لیے صوبے بھر کے اسکولوں، پارکوں اور عوامی مقامات پر کھیلوں کے میدانوں کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر سندھ نے تعلیمی نظام میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ کھیل کود کو بھی مؤثر اور لازمی حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کا اسکرین ٹائم کم کر کے انہیں آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور کھیلوں کی جانب راغب کریں۔ انہوں نے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر اور جدید بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور نوجوانوں سمیت بچوں کے لیے نئے اسپورٹس گراؤنڈز اور تفریحی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں









