جعفرخان مندوخیل 17

گورنر بلوچستان کا شیرانی سانحہ پر اظہار افسوس

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ڑوب ڈویڑن کے ضلع شیرانی کے علاقے دہانہ سر کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر کوچ بس گہری کھائی میں گرنے کے باعث پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر مندوخیل نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور تمام متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ مسافروں کو فوری ریسکیو کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کریں۔ تمام زخمیوں کو بلا تاخیر فوری طور پر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے دوران کوئی غفلت نہ برتی جائے۔

گورنر جعفرخان مندوخیل نے علاقے کے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ اس مشکل وقت میں عوامی سطح پر بھی امدادی ٹیموں کی ہر ممکن مدد کرتے ہوئے اور زخمیوں کیلئے خون و دیگر ضرورت کا بندوست کرتے ہوئے اپنی قومی اقدار کی پاسداری کریں۔ مسافروں کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں