لاہور( رپورٹنگ آن لائن)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ گلوبل صمود فوٹیلا ممبران پر اسرائیلی فورسز کی طرف سے ظلم و بربریت اور تذلیل قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ صمود فوٹیلا ممبران پر جسمانی اور نفسیاتی تشدد کرکے اس کی ویڈیو جاری کرنا انسانیت کی تذلیل ہے ۔یورپین ممالک کی جانب سے گھٹیا فعل کی مذمت کرنا اور اسرائیل کے سفیر کو طلب کرنا احسن اقدام ہے جبکہ بورڈ آف پیس کے سربراہ ٹرمپ کی جانب سے اس بات کا نوٹس نہ لینا گھٹیا اور شرمناک فعل ہے ۔
اختر ڈار نے کہا کہ بورڈ آف پیس کے ممبران کو چاہیے کہ غزہ میں بے کس مجبور مائوں ،بہنوں ،بیٹیوں ،بچوں ، بوڑھوں او جوانوںپر ہونے والے ظلم کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف کو چاہیے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی بربریت اور جنگ بندیوں کی خلاف ور زیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اس کو کٹہرے میں لائے ۔









