لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ملک بھر بالخصوص پنجاب اور لاہور شہر میں کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے خطرے کا ہم سب کو سنجیدگی سے احساس کرنا ہوگا اور اسی مقصد کے لئے لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں و شہریوں کے لئے پوسٹرز آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ہم احتیاطی تدابیر کو اپنا شعار بنائیں اور اس وبا سے بچاؤ کے لئے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دیں۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفر نے اس آگاہی مہم کے حوالے سے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر فیس ماسک اور سماجی فاصلے کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہوگا،اسی طرح “کورونا ایک وبا ہے احتیاط جس کی شفاء ہے”جیسے سلوگن کو عام کرنے اور لوگوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے بھی ہمیں اپنی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پاک فوج کی طر ف سے سول انتظامیہ کی مدد کے لئے میدان عمل میں آنا کورونا سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوگا اور اسی طرح ڈاکٹرز اور نرسز کی گزشتہ ایک سال سے کورونا کے خلاف فرنٹ فٹ پر سر انجام دی جانے ولی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام تر اقدامات اسی طرح نتیجہ خیز ہو سکتے ہیں کہ ہم انفرادی و اجتماعی لحاظ سے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جن ممالک میں شہریوں نے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے وہاں کورونا پر قابو پانے میں مدد ملی ہے ہمارے ہاں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی سرپرستی میں ہونے والی کاوشیں تب ہی کامیاب ہوں گی جب شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے جنرل ہسپتال میں آگاہی کے لئے منعقدہ پوسٹر مہم کو خوش آئند قرار دیا اور منتظمین کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، انور سلطانہ اور رانا پرویز سمیت دیگر ڈاکٹرز و ملازمین بھی موجود تھے۔