سعید غنی 21

کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کی امید برقرار ہے، سعید غنی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان یکجہتی کا رشتہ مضبوط ہے۔کمشنر کراچی کی جانب سے یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ان کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے حالیہ پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں اس کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے امکانات کے حوالے سے امید پیدا ہوئی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ جنگ میں بھارت کو شکست دی، جبکہ انہیں امید ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بھی جلد حل ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی حیثیت میں بہتری کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششیں بھی جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مسئلے کے پْرامن حل کے لیے عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں