لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے‘بدعنوانی ایک سماجی ظلم اوربہت بڑی معاشرتی برائی ہے‘تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی‘ نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک سماجی ظلم اوربہت بڑی معاشرتی برائی ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی ہے، نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ماضی میں وسائل لوٹنے والے بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں ہونے والی بے حساب کرپشن نے ملک کا بیڑا غرق کیا ، مگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اینٹی کرپشن کو آزاد ادارہ بنایا ہے جس سے ادارے میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے۔









