پولیو مہم 11

کراچی کے 6 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو نے کراچی کے 6 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق کراچی کے اضلاع وسطی، شرقی، کیماڑی، ملیر، جنوبی اور غربی سے حاصل کیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ جون میں کراچی کے ان 6 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کا سراغ نہیں ملا تھا، تاہم جولائی میں دوبارہ وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔حکام کے مطابق سندھ کے ضلع کشمور کے ماحولیاتی نمونے میں بھی جولائی کے دوران پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے انسداد پولیو سرگرمیوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق بلوچستان کے چمن، ڈیرہ بگٹی اور کوئٹہ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بنوں اور پشاور سے حاصل کیے گئے ماحولیاتی نمونے بھی مثبت پائے گئے ہیں۔پنجاب کے شہر راولپنڈی میں بھی جولائی کے دوران ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی تھی۔ماہرین کے مطابق ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وائرس مختلف علاقوں میں گردش کر رہا ہے، اس لیے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے اور انسداد پولیو مہمات میں والدین کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں