لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کامیابی پر اکتفا نہیں، مسلسل بہتری ہماری پالیسی ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں خطاب کرتے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے انتظامی امور میں نیا معیار قائم کر دیا، عیدالاضحیٰ کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں شاباش کی مستحق ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ انتظامات کو پیچھے چھوڑ کر بہترین سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی اور سکیورٹی کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ نے انتہائی محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ایک مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
مریم نواز نے کا آر پی اوز، ڈی پی اوز، سیکرٹری ہوم اور دیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی ٹیم اور پنجاب بھر کی سترہ فیلڈ فارمیشنز نے عید کے دنوں میں مثالی خدمات انجام دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اِن خدمات کے باعث قربانی کے بعد صفائی آپریشن بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل ہوا جبکہ عیدگاہوں اور مساجد کی صفائی کے انتظامات بھی انتہائی قابلِ ستائش رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید واضح کیا کہ تمام اداروں نے ایک مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کیا ہے اور انتظامی امور کے لیے ایک جامع اور مؤثر بلو پرنٹ تیار کیا گیا ہے کیونکہ پہلی بار معاملات کو رسمی انداز کے بجائے گہرائی، سنجیدگی اور عملی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے اور ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لے کر انتظامی امور میں شفافیت اور کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔









