بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) 18 سے 19 نومبر تک تینتیسویں اپیک اکنامک لیڈرز میٹنگ چین کے شہر شینزن میں منعقد ہوگی۔ عالمی برادری کو امید ہے کہ چین کی جانب سے اپیک اجلاس کی تیسری مرتبہ میزبانی سے نہ صرف ایشیا پیسیفک خطے میں علاقائی تعاون کو نئی قوت ملے گی بلکہ عالمی معاشی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے بھی مزید یقین، استحکام اور مثبت توانائی پیدا ہوگی۔
گزشتہ سال اپیک اکنامک لیڈرز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پھنگ نے نشاندہی کی تھی کہ”ہمیں اپیک کی معاشی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے اپنے بنیادی مقاصد پر قائم رہنا چاہیے، کھلی ترقی کے ذریعے مشترکہ مواقع اور باہمی مفادات کے حصول کا راستہ اپنانا چاہیے، ایک جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی معاشی عالمگیریت کو فروغ دینا چاہیے اور ایشیا پیسیفک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کرنی چاہیے”۔
ان کی یہ تجاویز نئی صورتحال میں ایشیا پیسیفک تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔توقع ہے کہ آئندہ اپیک اجلاس کے دوران چین، اپیک کی تمام معیشتوں کے ساتھ مل کر علاقائی روابط کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گا اور اس حوالے سے اپنا نیا منصوبہ پیش کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عملی تعاون کے نتائج سامنے آنے اور ایشیا پیسیفک خطے میں جدت اور ترقی کی نئی قوتوں کو فروغ ملنے کی بھی توقع ہے۔
نومبر میں شینزن میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس اس عزم کا اظہار ہوگا کہ چین، اپیک کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر ایشیا پیسیفک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مزید گہرا اور مؤثر بناتے ہوئے عالمی معاشی ترقی میں مزید کردار ادا کرے گا۔









