بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کے مطابق تیان وان نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 7 نے، 8 اکتوبر کو پہلی بار گرڈ سے منسلک ہو کر بجلی پیدا کی۔ تیان وان نیوکلیئر پاور پلانٹ کا یونٹ 7 صوبہ جیانگ سو کے شہر لیان یون گانگ میں واقع ہے۔ یہ تیسری نسل کی نیوکلیئر ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے، جبکہ اس کی ڈیزائن شدہ عمر 60 سال ہے۔ ایک یونٹ سے سالانہ تقریباً 10 ارب کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کی جیانگ سو نیوکلیئر پاور کمپنی کے چیئرمین چانگ ای کے مطابق، یونٹ 7 کے رواں سال میں تجارتی آپریشن شروع کرنے کی توقع ہے۔تمام یونٹس کے مکمل طور پر آپریشنل ہونے کے بعد تیان وان نیوکلیئر پاور بیس کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت 90 لاکھ کلو واٹ سے تجاوز کر جائے گی، جبکہ سالانہ بجلی کی پیداوار 70 ارب کلو واٹ گھنٹے سے زیادہ ہو گی۔ اس سے سالانہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً 5 کروڑ 74 لاکھ ٹن کمی لانے میں مدد ملے گی۔
تیان وان نیوکلیئر پاور بیس میں 10 لاکھ کلو واٹ کی سطح کے آٹھ نیوکلیئر پاور یونٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس وقت یونٹ 1 سے 6 تک، تجارتی آپریشن میں ہیں اور ان کی گرڈ سے منسلک مجموعی بجلی کی پیداوار 5 کھرب کلو واٹ گھنٹے سے تجاوز کر چکی ہے۔یونٹ 8، جس پر تعمیراتی کام جاری ہے، 2027 میں تجارتی آپریشن شروع کرے گا۔









