سید یوسف رضا گیلانی 13

چیئرمین سینیٹ کی گلگت بلتستان کے عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر علاقے کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تاریخی جدوجہد، قربانیوں اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کو خراجِ تحسین پیش نے کہا ہے کہ ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کا فیصلہ ملکی تاریخ کا ایک قابلِ فخر باب ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے مختلف جمہوری حکومتوں کی جانب سے گلگت بلتستان میں متعارف کرائی جانے والی اہم اصلاحات کو سراہتے ہوئے باالخصوص شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں 2009 میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں کیے گئے بااختیار بنانے کے اقدامات کو اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کے لیے تزویراتی، ثقافتی اور معاشی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے مواقع میں بہتری ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی مجموعی ترقی سے جڑی ہوئی ہے اور امید ظاہر کی کہ اس خطے کے عوام ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں