چیئرمین سینیٹ 22

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے اجتماعی اور مستقل اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی، پانی کی قلت، فضائی و ماحولیاتی آلودگی، اور حیاتیاتی تنوع میں کمی نہ صرف ماحولیاتی نظام بلکہ پائیدار ترقی، عوامی صحت، غذائی تحفظ اور اقتصادی استحکام کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اگرچہ عالمی کاربن اخراج میں نہایت محدود کردار رکھتا ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ اور معاشرے کے ہر سطح پر پائیدار طرزِ عمل اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحول کا تحفظ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے حکومت، اداروں اور ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی بڑھانے، قدرتی وسائل کے مثر استعمال، شجرکاری مہمات، صاف توانائی کے فروغ، اور ویسٹ مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا۔عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ درخت لگانے، آلودگی میں کمی، پانی کے تحفظ، اور روزمرہ زندگی میں ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے جیسے عملی اقدامات کے ذریعے ماحول کے تحفظ میں فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے ایک سرسبز، خوشحال اور ماحولیاتی طور پر محفوظ پاکستان کے لیے ماحولیاتی پائیداری اور موسمیاتی استحکام سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے سینیٹِ پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں