نیر بخاری 11

پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ حکومت کو بجٹ سازی میں سپورٹ کیا،دونوں پارٹیوں کی سیاست اپنی اپنی ہے، نیئر بخاری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نیئرحسین بخاری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ حکومت کو بجٹ سازی میں سپورٹ کیا،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی سیاست اپنی اپنی ہے۔ اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے بیان دیا۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اور عوامی ایشوز کو اجاگر کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 28 ویں ترمیم سے متعلق اب تک بلیک اینڈ وائٹ میں کچھ سامنے نہیں آیا، 28 ویں ترمیم کے تحت این ایف سی کے مسئلے کو اٹھایا جاتا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبوں نے تو مسئلہ کا حل نکال کر اپنے وسائل سے وفاق کو پیسے دیے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے عوام کو ان کے حقوق دئیے جانے چاہئیں۔

انہوںنے کہاکہ صوبائی خودمختاری میں کسی کو مداخلت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ،پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات جیتے، ایم کیو ایم نے تو حصہ ہی نہیں لیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر کا حق تب بنتا جب عوام ان کو ووٹ دیتی،ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی صبر کریں اور کراچی میں بلدیاتی نظام چلنے دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں