لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ عوام پر ایک اور معاشی وار ہے،عوام نے جو تھوڑا سا سکھ کا سانس لیا تھا، حکومت نے وہ بھی مہنگائی کی نذر کر دیا۔
انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم حیران تھے کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان میں ابھی تک پٹرول مہنگا کیوں نہیں ہوا،ایران پر حملوں کے بعد حکومت نے فوری ردعمل پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیا۔لگتا ہے کہ حکومت نے عالمی بحران کا سارا بوجھ پاکستانی عوام پر ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے،قومی خزانے کے دعوے اپنی جگہ لیکن عوام کی جیبیں مسلسل خالی کی جا رہی ہیں۔
حسن مرتضیٰ نے زور دیکر کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی سے سکون ہی نہیں، جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،اللہ تعالی اس قوم پر رحم فرمائے، عوام مسلسل مہنگائی کے عذاب کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاشی فیصلوں کا خمیازہ ہر بار عام آدمی کو ہی بھگتنا پڑتا ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے ایک اور ناقابلِ برداشت معاشی جھٹکا ہے۔









