محمد جاوید قصوری 14

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی، حکومت واپس لے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے، جس نے پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے شکار عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کرتے ہوئے اسے 225 روپے فی لیٹر مقرر کرے تاکہ عام شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں ایک ماہ تک کم رہیں، مگر حکومت نے اس کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کے بجائے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی پالیسی اختیار کی۔ حکومت نے عوامی مفاد کو نظر انداز کرتے ہوئے بااثر مفادات کو ترجیح دی، جس کے باعث مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، ناقص معاشی پالیسیاں اور بدانتظامی کا خمیازہ غریب اور متوسط طبقہ مسلسل بھگت رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ عوام ایک طرف مہنگی پیٹرولیم مصنوعات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ دوسری جانب مختلف حکومتی منصوبوں میں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہیں۔

قومی وسائل کے تحفظ اور شفاف احتساب کے بغیر ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔محمد جاوید قصوری نے نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کو 2028 تک بند رکھنے کے فیصلے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال قومی توانائی کے شعبے کے لیے نقصان دہ ہے۔ پاکستان میں تربیلا اور منگلا ڈیم کے بعد کوئی بڑا آبی ذخیرہ تعمیر نہ ہونا حکمرانوں کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ بھارت گزشتہ کئی دہائیوں میں ہزاروں ڈیم تعمیر کر کے اپنے آبی وسائل اور توانائی کے نظام کو مضبوط بنا چکا ہے۔ ان کے مطابق پانی اور توانائی کے منصوبوں میں مسلسل غفلت نے ملک کو سنگین چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے پاس ملک و قوم کو دینے کے لیے کوئی مؤثر منصوبہ موجود نہیں۔ موجودہ حکمرانوں کو ”فارم 47” کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا، جس کے باعث عوامی اعتماد بری طرح مجروح ہوا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے، شفاف طرزِ حکمرانی اور قومی وسائل کے درست استعمال کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی، کرپشن کے خاتمے اور توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں