اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے حوالے سے پٹرول پمپ مالکان نے ڈیلی پرائس میکانزم پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پٹرولیم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا، آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کو خط لکھ دیا۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے کاروباری مشکلات بڑھ رہی ہیں، قیمتوں میں روزانہ ردوبدل سے پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصانات کا سامنا ہے، پٹرولیم مصنوعات کے موجودہ سٹاک کی مالیت کے تعین میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے کیش فلو اور انوینٹری کا نظام متاثر ہو رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے روزمرہ کاروباری امور متاثر ہو رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا قابل عمل اور شفاف نظام وضع کیا جائے۔
خط کے متن کے مطابق قیمتوں کے تعین کے معاملے پر پٹرول پمپ مالکان سے مشاورت کی جائے، پٹرول پمپ مالکان کے مفادات اور عوام کو بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیر سے ملاقات میں مسائل اور عملی تجاویز پیش کرنا چاہتے ہیں۔
خط آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ کی جانب سے لکھا گیا۔








